کشمیر میں 14 سے 18 اکتوبر تک برف و باراں کی پیش گوئی

سری نگر//محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک فصل کٹائی سے احتراز کرنے کی تاکید کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں کے دوران درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران زوجیلا، مغل روڈ، سنتھن ٹاپ، سادھنا ٹاپ وغیرہ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔موصوف ترجمان نے کہا کہ تاہم وادی میں 13 اکتوبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے کسانوں سے تاکید کی ہے کہ وہ 14 سے 18 اکتوبر تک فصل کٹائی سے احتراز کریں۔