دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت: غلام نبی آزاد

جموں//ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہوکر لڑنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سیکورٹی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے لیکن پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران دہشت گردی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں پچھلے پانچ برسوں کے دوران حالات بہتر ہوئے تاہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے بالخصوص خط چناب میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔غلام نبی آزاد کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ ہی کوکر ناگ میں دہشت گردی کے واقعے میں تین اعلیٰ آفیسران جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ ملی ٹینٹ دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں ، حکومت اور سیاستدانوں کو مل کر دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ یہ صرف سرکار کی ہی نہیں بلکہ لوگوں کی بھی ذمہ داری ہے لہذاد دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر لڑنا اب ناگزیر بن گیا ہے۔اپوزیشن اتحاد کی جانب سے جموں میں دھرنا دینے کے بارے میں جب آزاد سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ جن رہنماوں نے کال دی تھی وہ غائب تھے ، یہ ان کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ حکومت کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔