این سی کانگریس اتحاد نے بی جے پی کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا: عمر عبداللہ

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاکہ کارگل انتخابات میں نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد نے بی جے پی کو بری طرح سے پچھاڑ کے رکھ دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کے نتائج ان تمام جماعتوں اور قوتوں کے لئے سبق آموز ہے جنہوں نے غیر جمہوری اور غیر آئینی طریقے سے جموں وکشمیر اور لداخ کے عوام کی مرضی کے بغیر ریاست کو تقسیم کیا۔

عمر عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد نے کارگل ہل ڈیلوپمنٹ کونسل انتخابات میں تاریخی جیت رقم کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے مضبوط اتحاد نے بھارتیہ جنتاپارٹی کو شکست سے دو چار کیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ جیت زنسکار، کارگل اور دراس کے لوگوں کی ہے جنہوں نے فیصلہ کن طورپر نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کی تائید کی ، ہم تمام منتخب کونسلروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جو عوام کی خدمت کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔

عمر عبداللہ نے کہاکہ ہم کانگریس پارٹی کی قیادت کا ان کی غیر متزلزل حمایت کے لئے بے حد مشکور ہیں۔این سی نائب صدر نے کہاکہ یہ بی جے پی لیڈروں کے لئے چشم کشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بھی جمہوری طورپر منتخب حکومت کی عوام کی جائز خواہش کو تسلیم کیا جانا چاہئے کیونکہ جمہوریت کا تقاضہ ہے کہ عوام کی آواز سنی جائے اور ان کا احترام کیا جائے۔

ہم اس موقع پر اپنے مخلص پارٹی کارکنان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دن رات محنت کی اور مشکل حالات میں ثابت قدم رہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کرگل انتخابات میں لوگوں نے بھارتیہ جنتاپارٹی کو مسترد کیا جس سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگ کیاچاہتے ہیں۔