عوام بی جے پی کو راہل گاندھی کے خلاف غیرذمہ دارانہ قدم کا منھ توڑ جواب دیں گے: کانگریس

کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی اسی کے لیے مہلک ثابت ہوگی اور ملک کے عوام بی جے پی کو اس حرکت کا منھ توڑ جواب دیں گے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو کہا کہ مسٹر گاندھی کے خلاف بی جے پی نے جو غیرذمہ دار حرکت کرتے ہوئے پوسٹر شائع کرکے انہیں راون بتایا ہے ، اس کا خمیازہ بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا اور ملک کے لوگ اسے اس کی سخت سزا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ “مسٹر راہل گاندھی جی ہمارے قابل احترام لیڈر ہیں اور انہیں دنیا بھر میں اربوں لوگ پسند کرتے ہیں۔ یہ واضح ہے کہ مسٹر گاندھی کی آسمان چھوتی مقبولیت سے بی جے پی کو آہستہ آہستہ اپنی طاقت کا احساس ہورہا ہے، لیکن انہیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ مسٹر گاندھی کے خلاف ان کی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قدم کی بی جے پی کو قیمت چکانی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اس حرکت سے نہ صرف قومی راجدھانی دہلی بلکہ ریاستی دارالحکومتوں میں بھی کانگریس کارکن ناراض ہیں اور احتجاج میں سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ بی جے پی کی اس حرکت کے خلاف پارٹی کارکن غصے میں ہیں اور پولیس کے لیے احتجاجی کارکنوں کو روکنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ پارٹی لیڈر کے خلاف بی جے پی کے اس رویے کو لے کر کانگریس کارکنوں میں زبردست غصہ ہے، لیکن ہر جگہ کارکن پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔