درگاہ حضرت بل میں تعینات سبھی افسران اور ملازمین معطل : ڈاکٹر درخشان اندرابی

سرینگر//جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل میں تعینات سبھی افسران اور ملازمین کو سنگین غفلت برتنے کی پادائش میں معطل کرنے کے احکامات صادر کئے۔معلوم ہوا ہے کہ چیئرپرسن کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

جموں وکشمیر وقف بورڈ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ عید میلاد النبی (ص) کے روز وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل کا اچانک دورہ کیا جس دوران وہاں پر موجود عقیدتمندوں نے چیئرپرسن کو وقف ملازمین کی غفلت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

لوگوں نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل میں تعینات وقف آفیسران اور ملازمین عقیدتمندوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔وقف چیئرپرسن نے لوگوں کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے درگاہ حضرت بل میں تعینات وقف بورڈ کے سبھی آفیسران اور ملازمین کو فوری طورپر معطل کرنے کے احکامات صادر کئے۔

حکم نامہ میں لکھا گیا کہ سنگین غفلت برتنے کی پادائش میں وقف ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ ملوثین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔