ہندوستان کے ساتھ اِلحاق کے 76 برس پرجموں ائرفورس اسٹیشن پرفضائیہ کاشو

ہندوستانی فضائیہ طاقت، بہادری اور لگن کی ایک روشن علامت :منوج سنہا
اُڑان نیوز نیٹ ورک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کل ائیر فورس سٹیشن ستواری میں ائیر شو اور فضائی بیداری مہم میں شرکت کی۔اس تقریب کا اہتمام ہندوستانی فضائیہ اور جموں و کشمیر حکومت نے مشترکہ طور پر جموں و کشمیر کے ہندوستانی یونین میں الحاق کے 76 برس اور ائیر فورس سٹیشن جموں کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقعہ پر کیا تھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ ہندوستانی فضائیہ طاقت، بہادری اور لگن کی ایک روشن علامت ہے۔ میں ہندوستانی فضائیہ کے جوانوں کو ان کی شاندار بہادری اور قربانی کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوںاور ایئر واریئروں اور ان کے اہل خانہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری آئی اے ایف کی سوریہ کرن ایروبیٹک ٹیم (ایس کے اے ٹی)، ایئر واریئر ڈرل ٹیم، آکاش گنگا ڈیئرڈیول سکائی ڈائیونگ ٹیم اور ایم آئی 17 1 وی ہیلی کاپٹروں کے شاندار فضائی مظاہرے کو دیکھنے کے لئے جمع ہوئے۔ہوائی جہازوں نے آسمان میں اُڑان بھری اور ایئر واریئروں نے اَپنی پرواز اور تشکیل کی مہارت کا بہترین مظاہرہ کیا۔جموں میں اَپنی نوعیت کے پہلے ایئر شو سے عام لوگوں کو ہوا بازی کے لئے خطرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور وہ ہوا بازی کی حفاظت میں کس طرح مدد کرسکتے ہیں۔بعدمیں لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر دفاعی عملے اور ایروبیٹک اور سکائی ڈائیونگ ٹیموں کے ارکان کومُبارک باد دی۔اِس تقریب میں اے او سی جے اینڈ کے اور لداخ ایئر وائس مارشل پی کے ووہرا ، اے او سی ایئر فورس سٹیشن جموں ایئر کموڈور ایس ایس راوت،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر،چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا،سٹیٹ الیکشن کمیشن جموں وکشمیربی آر شرما، آئی اے ایف کے سینئر افسر، سول اور پولیس اِنتظامیہ اور فوج نے شرکت کی۔چیئر مین ڈی ڈی سی جمون بھارت بھوشن ، یوایل بی اور پی آر آئی کے نمائندے ، ممتاز شہری اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔