جموں میں 6 ہزار 7 سو 27 کلو ضبط شدہ منشیات کو تباہ

اُڑان نیوز
جموں//جموں وکشمیر پولیس نے پیر کے روز جموں میں 6 ہزار 7 سو 27 کلو ضبط شدہ منشیات کو تباہ کیا۔پولیس میڈیا سینٹر جموں نے ٹویٹ کرکے کہا کہ ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (اے ڈی جی پی) جموں مکیش سنگھ کی سربراہی میں پولیس نے جموں میں 6 ہزار 7سو 27 کلو ضبط شدہ منشیات کو تباہ کیا۔ٹویٹ میں کہا گیا کہ ضبط شدہ منشیات تباہ کرنے کی اس مہم میں جموں کشمیر اے این ٹی ایف، این سی بی اور جموں وکشمیر پولیس کے افسروں نے بھی شرکت کی۔پولیس ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ منشیات کو قانون کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تباہ کیا گیا۔موصوف اے ڈی جی پی جموں نے اس مہم کی بھر پور حمایت کرنے پر جموں عدلیہ کا شکریہ ادا کیا۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے معاشرے سے منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کے لئے ایک ہمہ گیر مہم شروع کی ہے۔