قیمتی جانوں کے زیاں پر سخت افسوس

حادثے کی مکمل انکوائری کرائے جائے:آزاد
اُڑان نیوز
جموں// ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی چیئرمین اور سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر غلام نبی آزاد نے کشتواڑ کے ڈانگ ڈورو میں ہونے والے مہلک حادثے کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا جس میں سات افراد ہلاک اور کئی دیگر شدید زخمی ہوئے۔ آزاد نے متاثرہ خاندانوں کے لواحقین کے لیے مناسب معاوضہ اور المناک حادثے میں زخمی ہونے والوں کے لیے خصوصی علاج کی بھی مانگ کی۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد پاکلڈول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی نجی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ کمپنی پروجیکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے پرانی ٹرانسپورٹ کا استعمال کر رہی ہے۔ ان کے مطابق حادثہ گاڑی کے سڑک سے پھسلنے کے بعد پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے کمپنی پر ملازمین کو حفاظتی سامان فراہم نہ کرنے کا الزام بھی لگایا جس کی وجہ سے ایسے ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا’’لہٰذا میں متاثرہ خاندانوں کو کمپنی اور حکومت دونوں سے مناسب معاوضہ دینے کے ساتھ ساتھ ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں ‘‘