منوج سنہا کا پہلگام دورہ

سیاحوں ومقامی تاجروں سے ملاقات کی
نیوزڈیسک
سرینگر+پہلگام //لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے 22مئی سے شروع ہونے والے3روزہ جی20اجلاس کوجموں وکشمیرکے ایک کروڑ30لاکھ شہریوں کیلئے ایک تاریخی موقعہ قرار دیتے ہوئے پھرکہاکہ اس بین الااقوامی ایونٹ کوکامیاب اوریادگار بنانے کیلئے تمام شہری آگے آئیں اور اس یادگار تقریب کا حصہ بنیں۔
اس دوران لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو سیاحتی مقام پہلگام کا دورہ کرکے یہاں یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاتراکے پیش نظرپہلگام،چندنواری سڑک کا معائنہ کیا ۔انہوںنے پہلگام کے مین مارکیٹ میں مقامی لوگوں،تاجروں اورسیاحوں سے بات چیت کی اوراُن کے مسائل ومطالبات نیزشکایات کاازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔جے کے این ایس کے مطابق جھیل ڈل کے کنارے پرواقع SKICCمیں 22مئی بروزپیرسے شرو ع ہونے والی3روز ہ جی 20ٹورازم ورکنگ گروپ کی میٹنگ سے ایک دن قبل لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پرایک ٹویٹ میں کہا’’کل سے شروع ہونے والا G20 اجلاس جموں وکشمیرکے13 ملین یعنی ایک کروڑ30لاکھ شہریوں کیلئے انمول ثقافت، ورثے، سیاحت اور گرمجوشی سے مہمان نوازی کا ایک تاریخی موقع ہے۔
منوج سنہا نے کہاکہ تمام شہری آگے آئیں اور اس یادگار تقریب کا حصہ بنیں‘‘۔اس دوران لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کواعلیٰ حکام کے ہمراہ سیاحتی مقام پہلگام کادورہ کیا۔ایل جی آفس کے آفیشل ٹویٹ میں اس حوالے سے جانکاری فراہم کی گئی کہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو پہلگام کا دورہ کیا اور مین بازار میں رہائشیوں، سیاحوں اور دکانداروں سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کے سوالات، مسائل اور مطالبات خندہ پیشانی سے سنے اور بات چیت کے دوران پیش کی گئی تمام حقیقی شکایات کے وقتی ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے پہلگام،چندنواری سڑک کا معائنہ کیا اور اس کا جائزہ لیا۔ضلع کے سینئر افسران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے۔