’اقتدار ملاتو روشنی اسکیم بحال کرؤں گا‘

Reading Time: 2 minutes

غلام نبی آزد کا چلی، گندو اور جکیاس کے عوامی وفود سے خطاب
عارف ملک
بھلیسہ//ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر اعلیٰ جموں کشمیر غلام نبی آزاد نے اتوار کو ڈوڈہ ضلع کے دوسرے دن کے دورے کے دوران بھلیسہ کے بلاک چلی، گندو اور جکیاس کے مختلف وفود سے گندو میں ملاقات کی اور عوامی مسائل سننے۔اس موقع پر انہوں نے ہاکہ جو کام میری دور حکومت میں شروع ہوئے ان میں بیشتر پروجیکٹ پندرہ برسوں سے ادھورے پڑے ہیں اور پچھلے نو برسوں میں ان پر کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی. انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، بے کاری و مہنگائی نے عوام کو پہلے ہی پریشانی میں مبتلا کیا ہے اور سرکار ان مسائل کا حل تلاش کرنے کے بجائے زمینوں سے بے دخلی کا کام شروع کیا۔
آزاد نے کہا کہ اگر ان کی جماعت برسر اقتدار آئی تو روشنی ایکٹ کو دوبارہ بحال کیا جائے گا اور نوکریوں و دیگر اراضی کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں گے. انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ریاستی درجہ کی بحالی کو لے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں لیکن میں نے پارلیمنٹ کے اندر و باہر اس مدعا پر کئی تقریریں کیں اور وزیر اعظم و وزیر داخلہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کرکے ریاستی درجہ کی واپسی کے لئے راضی کیا جس کا انہوں نے باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ میں بھی اعلان کیا. پارٹی کارکنوں سے پنچائتی، بلدیاتی و پارلیمانی انتخابات کے لئے تیار رہنے پر زور دیتے ہوئے آزاد نے کہا کہ متحد ہو کر ان انتخابات کی تیاری کریں اور کسی بھی قسم کا انتشار پھیلانے کی کوشش نہیں کریں. انہوں نے ہندو مسلم اتحاد کو مضبوط و مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ جماعتیں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے مذہب، نفرت و ذات پات کی سیاست کرتے ہیں لیکن میری جماعت میں ایسے لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے جو سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کرے گا. انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر طبقہ، خطہ، فرقہ کی پسماندگی کو دور کرنا ہمارا ایجنڈا ہے. جی 20 اجلاس کے حوالے سے آزاد نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جی 20 سربراہی اجلاس جموں میں بھی منعقد نہیں ہوا حالانکہ کشمیر کو اس بین الاقوامی تقریب کی میزبانی کا موقع فراہم کرنا ایک خوش آئند قدم ہے. انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ ساتھ حکومت ہند کو جموں میں بھی جی 20 ممبران کی میٹنگ کا اہتمام کرنا چاہیے تھا تاکہ یہاں کی معیشت اور سیاحت کو فروغ دیا جا سکے. اس دوران ان کے ہمراہ نائب چیرمین غلام محمد سروڑی، جنرل سیکرٹری عبدالمجید وانی، ورکنگ کمیٹی ممبر محمد اسلم گونی، صدام آزاد، زونل صدر پی آر منہاس ضلع صدر آصف گتو و دیگر لیڈران بھی ان کے ہمراہ تھے۔