شمالی کمان سربراہ کا حدمتارکہ کے نزدیکی علاقہ کا دورہ فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار :جنرل اوپندر دویدی

جے بی سنگھ
پونچھ // فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کیا۔فوجی کمانڈر نے پونچھ اور راجوری میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا او روہاں پر فوج کی تیاریوں کا بچشم جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی خاطر پوری طرح سے تیار ہیں۔بتادیں کہ جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے بدھ کے روز پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی۔سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو فوج کے سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ موصوف فوجی کمانڈر نے پونچھ اور راجوری کے دورے کے دوران فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر ا دویدی نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔فوجی کمانڈر کو اس موقع پر پونچھ اور راجوری کے جنگلی علاقوں میں سرگر ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔واضح رہے کہ جی ٹونٹی اجلاس کے پیش نظر سرحدوں پر چوکسی بڑھائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ذرائع نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کو آنے والے ہفتے کے دوران مزید چوکسی برتنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ خفیہ اداروں نے الرٹ جاری کیا ہے کہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے حملوں کی منصوبہ بندی ہو رہی ہیں۔