اسپتالوں میں مریضوں کا علاج ومعالجہ کرانا باعث عذاب ٹکٹ کیلئے قطاروں میں بیٹھنے پر گھنٹوں ہاصرف ،آن لائن رجسٹریشن سے لوگ ناواقف

Reading Time: 2 minutes

نیوزڈیسک
پونچھ//سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا علاج ومعالجہ کرانا لوگوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں ہے کیونکہ مریضوں یا تیمارداروں کو قطاروں میں بیٹھ کر گھنٹوں ہا صرف کرنا پڑتا ہے جبکہ ڈیجیٹل انڈیا کے توسط سے فون پر ABHA ایپلی کیشن اپ لوڈ کرکے بہ آسانی چند منٹوں میں مریض یا اس کا تیماردار ٹکٹ حاصل کرسکتاہے لیکن عام لوگ اس سہولیت ناواقف ہیں ۔کم وقت میں بغیر کسی طوالت کے ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے اس ایپلی کیشن سے متعلق لوگوں جانکاری فراہم کرنا اسپتال میں طبی ونیم طبی عملہ کی ذمہ داری ہے ۔کشمیر پریس سروس تفصیلات کے مطابق آج کے اس ڈیجیٹل زمانے میں بھی ایس ایم ایچ ایس ،لل دید ،سکمز اوردیگر چھوٹے بڑے اسپتالوں کے کونٹروں پر قطاروں میں سینکڑوں افراد مردوزن بیٹھے ہوئے ہوتے ہیں اور دھکم دھکا کے دوران بوڑھے جوان کے درمیان کوئی تمیز نہیں رہتا ہے اور کئی افراد گھنٹوں ہا قطاروں میں گذارنے کے باوجود بھی ڈاکٹر کو دکھائی بغیر ہی گھر واپس لوٹ جاتے ہیں ۔ان قطاروں میں مریض وتیماردار نالاں وپریشان ہوتے دکھائی دیتے ہیں ۔اس ضمن میں ضلع اسپتال پونچھ اور میڈیکل کالج راجوری کے کے ٹکٹ کاؤنٹروںپر موجود مریضوں اور تیمارداروں نے بتایا کہ وہ گھنٹوں سے قطاروں میں بیٹھ کر پریشانیوں میں پڑے ہوئے رہتے ہیں اور مشکل سے ٹکٹ حاصل ہونے کے بعد گھنٹوں ہا ڈاکٹر کے پاس جانے کیلئے قطاروں میں گذارنے پڑتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سرکاری اسپتالوں میں جہاں وہ جسمانی اورذہنی تکلیف کے شکار ہوجاتے ہیں وہیںبے عزتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس دوران کئی نوجوانوں نے چند منٹ کے بعد ہی ٹکٹ حاصل کئے اور ڈاکٹر کے پاس مریضوں کی ٹکٹ محفوظ کرادی اور عام لوگ اس پر ورطہ حیرت میں پڑگئے ۔جب نوجوانوں سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں یہ آسانی اس وقت موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ فون پر ABHAایپلی کیشن اپ لوڈ کرنی ہوتی ہے اور اس ایپلی کیشن سے ہی بہ آسانی چند منٹوں میں ٹکٹ حاصل کراسکتے ہیں ۔چونکہ مریضوں یا تیمارداروں میں سبھی لوگ اس طرح کی کوشش نہیں کرسکتے ہیں اور نہ ہی اس سہولیت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔اس ضمن میں اس ایپلی کیشن سے متعلق عام لوگوں کو جانکاری فراہم کرنا وقت کی ضرور ت ہے ۔ اس دوران انہوں نے محکمہ صحت کے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپلی کیشن سے متعلق عام لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کیلئے اور مریضوں وتیمارداروں کی سہولت کیلئے اسپتالوں میں مستحکم ہیلپ لائن قائم کئے جائیں اور تجربہ کار افراد کو تعینات کیا جائے ۔