نیوزڈیسک
اسلام آباد //’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے حوالے سے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیری قوم اپنی ہمت، جرأت اور بہادری سے تحریک حق خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے موقعے پر کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بتایا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوںکی پشت پر کھڑی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر ی عوام اپنی ہمت، جواںمردی، جرأت اور بہادری سے تحریک حق خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیری اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔ادھر اسپیکر قومی اسمبلی اسعد قیصر نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت جموں وکشمیر میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قرادادوں پر عملدرآمدکو یقینی بنائے۔وفاقی وزیر برائے کشمیر اُمور و گلگت بلتستان علی امین خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 7 دہائیوں سے ظالمانہ تشدد کا سامنا کررہے ہیں۔بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نفاذ سے مسلسل انکاری ہے اور کشمیری عوام کوبنیادی حقوق دینے سے ٹال مٹول کر رہا ہے۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور برطانوی پارلیمنٹ کے کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ نے بھی بھارتی ظالمانہ کارروائیوں کو مؤثر انداز سے اْجاگر کیا۔کستان کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کوحمایت کا یقین دِلاتے ہیں۔ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ اہل کشمیر نے اپنے صبرواستقامت سے آزادی کی جنگ میں بھارتی فوج کو شکست دے دی ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور پوری مہذب دنیا کے لئے امن و انصاف کا کھلا چیلنج ہے۔ بھارت نے اپنی ظالم افواج کے ذریعے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا جس بے دردی سے لہو بہایا ہے اس پر نسل انسانی شرمندہ ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کشمیر کا وکیل تھا، ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک رہے گا۔