آیودھیہ میں رام مندر کی تعمیر کاقضیہ!
مودی سے خصوصی پارلیمانی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//شری امرناتھ یاترا ویلفیئر سوسائٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ’آیودھیہ ‘میں رام مندر کی تعمیر کے لئے فوری طور پارلیمنٹ میں قانون پاس کرنے کو کہا ہے۔ سوسائٹی نے بھاجپا کو فوری طور رام مندر کی تعمیر پراپنا موقف واضح کرنے کو کہا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ سال 2019میں وہی سیاسی جماعتیں اقتدار میں آئیں گی جوکہ آیودھیہ میں رام مند ر کی تعمیر کے تئیں سنجیدگی دکھائیں گیں۔ شری امرناتھ یاترا ویلفیئر سوسائٹی کے قومی جنرل سیکریٹری راجوچنڈیل نے یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیاکہ خصوصی اجلاس بلاکر رام بند کی تعمیر کے لئے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں قانون پاس کیاجائے جوکہ بقول ان کے لوگوں کی دیرینہ مانگ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شری امرناتھ یاترا ویلفیئر سوسائٹی کے جموں وکشمیر انچارج بشیر احمد جنگل نے پہلے ہی چند ماہ قبل سرینگر سے رام مندر کی تعمیر کے لئے اینٹیں روانہ کی ہیں جس پر رام لفظ لکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ہمارے ساتھ ہندو، مسلم اور سکھ طبقہ سے متعدد سادھو ، سنت اور دانشور ہیں جنہوں نے آیودھیہ میں رام مندر کی تعمیر کے لئے حمایت کا اعلان کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس اس معاملہ پر اپنا موقف واضح کریں کیونکہ اگلی سرکاری اسی جماعت کی ہوگی جواس مطالبہ کو حل کرنے کیلئے مخلص ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اس معاملہ پر مزید سیاست برداشت نہیں کی جائے گی، آج تک صرف سیاسی روٹیاں سیکی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ رام مندر کی تعمیر کے لئے وہ جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔