جموں // علیحدگی پسند قیادت کو آزاد کرکے حکومت نے انہیں ایک موقع فراہم کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ علیحدگی پسند لیڈروںکو بتایا گیا ہے کہ وہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی نہ کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق این آئی اے کی جانب سے ریاست جموںوکشمیر میں کریک ڈاون شروع کرنے کے بعد پتھر بازی اور عسکری کارروائیوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں مقامی جنگجو گھر واپس لوٹ رہے ہیں۔ سانبہ میں تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ ریاست جموںوکشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے ریاستی اور مرکزی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بحالی امن کی خاطر مرکز نے کئی اقدامات کئے ہیں جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ نائب وزیرا علیٰ نے واضح کردیا کہ مزاحمتی قادت کو آزاد کرکے حکومت نے انہیں ایک موقع فراہم کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حریت لیڈروں کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی نہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کے مطابق جب سے این آئی اے نے فنڈنگ معاملے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کی ریاست جموںوکشمیر میں حالات معمول پر آئے ۔ انہوںنے کہاکہ این آئی اے کارروائی کے بعد پتھر بازی اور عسکری واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ نائب وزیرا علیٰ کے مطابق کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جوکوئی بھی اس ضمن میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نائب وزیرا علیٰ نے مزید کہاکہ مقامی جنگجو والدین کی اپیل کو مان کر بندوق کو خیر باد کہہ کر واپس مین اسٹریم کی طرف آرہے ہیں جو ایک نیک شگون ہے۔