جموں// مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے آج ایک میٹنگ کے دوران جے اینڈ کے سٹیٹ حج کمیٹی کے کام کاج اور حج 2018 کے حوالے سے تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ ، سٹیٹ حج کمیٹی کے ارکان ، ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے ، ایم ایل اے مشتاق احمد شاہ اور ایم ایل سی سیف الدین بٹ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ سٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر سید قمر سجاد نے حج 2018 کے خدو خال کا جائیزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس برس حج کمیٹی کو کُل 32331 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے 9764 عازمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منتخب شدہ عازمین میں 70 برس سے زیادہ عمر کے مخصوص زمرے کے 1959 درخواست دہندگان اور جنرل کیٹا گری کے تحت 7814 عازمین شامل ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ حج 2018 کیلئے ریاست کو 9773 سیٹوں کا کوٹہ حاصل ہوا جن میں 6163 اصل کوٹہ ، 2000 سپیشل کوٹہ اور 1610 سیٹوں کا اضافی کوٹہ بھی شامل ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ منتخب عازمین میں سے 8810 عازمین نے سرینگر جبکہ باقی ماندہ عازمین نے دہلی کا امبار کیشن پوائینٹ ظاہر کیا ہے ۔ اس موقعہ پر عازمین اور اُن کے سامان کو لانے اور لے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ انتظامات کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ حج قیمتوں میں کوئی بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور عازمین سے قیمتیں پچھلے سال کے ڈھانچے کے مطابق ہی لی جائیں گی ۔ ایگزیکٹو آفیسر نے حج ہاوس کو بڑھاوا دینے سے متعلق کئی امور کو بھی اجاگر کیا ۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ یہ معاملہ رقومات کی واگذاری کیلئے پلاننگ محکمہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ویری نے سٹیٹ حج کمیٹی پر زور دیا کہ وہ وقت سے پہلے ہی تمام انتظامات مکمل کریں تا کہ عازمین کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کو حج کی ادائیگی کے حوالے سے امور کے بارے میں جانکاری دی جانی چاہئیے تا کہ وہ احسن طریقے پر حج کا فریضہ انجام دے سکیں ۔