جموں/ /دیہی ترقی ، پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے کل ضلع ریاسی میں دیہی ترقی محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں جن میں ایم جی نریگا بھی شامل ہے کے تحت تعمیر کئے گئے کئی سڑکوں اور کلورٹوں کو عوام کے نام وقف کیا۔وزیر کے ہمراہ خزانے اور منصوبے بندی کے وزیر مملکت اجے نندا ، ڈی سی ریاسی ،پارسنا راما سوامی ، ایس پی ریاسی ، اے سی ڈی ریاسی ایس ڈی ایم ، بی ڈی اوز اور ضلع کے سینئر افسران بھی تھے۔وزیرنے ٹھنڈا پانی ، موری ، منتلائی ،بھانگل ، کوٹلی اور سمبل چڑوا علاقوں میں ایک درجن سے زائد سڑکوں کو کلورٹوں کا افتتاح کیا۔ سڑکوں کو ایم جی نریگا کے تحت تعمیر کیا گیا ہے اور اس پروجیکٹ کی بدولت 10ہزار کو روزگار فراہم کیا گیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت مرکزی معاونت والی سکیموں کو عملانے میں تمام قواعد و ضوابط ملحوظ نظر رکھتی ہے تاکہ ان پروجیکٹوں سے عوامی اہمیت کے مسائل بھی حل ہوسکے اور بے روزگاروں کو بھی روزگار فراہم کیا جاسکے۔اس سے قبل اجے نندا جو وزیر کے ہمراہ تھے نے کہاکہ حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں دیہی معیشت کو استحکام بخشنے کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔