ویری نے محکمہ مال کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جموں/ /مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے آج مال محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ محکمہ کے سینئر افسران کی ایک میٹنگ میں لیا ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ریونیو لوکیش جھا ، کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنایت اللہ ، ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت شرما ، ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیو رنجن ، کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے اعجاز احمد بٹ ، ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ جموں اور سرینگر و دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں محکمہ کی حصولیابیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں جن میں کیپکس بجٹ کے تحت رقومات کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 712.50 لاکھ روپے کے مجوزہ بجٹ میں سے 613.84 لاکھ روپے 31 جنوری 2018 تک خرچ کئے گئے ۔ وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ محکمہ خزانہ کو باقاعدہ طور پر ماہانہ پراگرس رپورٹ پیش کیا کریں اور ڈویژنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل میں شفافیت لانے کی کوششیں کرے ۔ ویری نے فائنانشل کمشنر ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ نئے انتظامی یونٹوں میں جاری ترقیاتی کام کا جائیزہ لیا کریں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پرانے اور نئے انتظامی یونٹوں کو استحکام بخشنے کیلئے جنوری 2018 تک 85.50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔