جموں //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ ان کی حکومت کار خانہ اور تجارتی اداروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی متمنی ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر کاروبار اور کار خانوں کو مراعات فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے ۔آج یہاں ساتویں انڈسٹریل ایڈوائزری کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے کار خانہ داروں کا حوصلہ بڑھانے اور ان میں اعتماد بحال کرنے کے لئے کئی اہم اصلاحاتی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پہلی ریاست ہے جس نے جی ایس ٹی کے تحت کئی طرح کے مراعات کاروباری لوگوں کو فراہم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کامگاروں کے قوانین میں بڑے پیمانے پر بہتری لانے کے اقدامات کئے۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا ، خزانے کے وزیر ڈاکٹر حسیب اے درابو ، صنعت و حرفت کی وزیر مملکت آسیہ نقاش میٹنگ میں موجود تھی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر ایک کمیٹی کو تشکیل دینے کی ہدایت دی جو چیف سیکرٹری کی سربراہی میں صنعتی یونٹوں سے متعلق کرایہ کی ادائیگی کے کیسوں کی پیروی کرے گی۔انہوںنے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل کو جلد از جلد پایہ¿ تکمیل تک پہنچائیں۔میٹنگ کے دوران وزیرا علیٰ کو حکومت کی طرف سے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی لانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ صنعتی ایسٹیٹس کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے ، کیبل بچھانے اور ٹرانسفارمر نصب کرنے کا عمل جاری ہے ۔میٹنگ کے دوران کئی نمائندوں نے حکومت کا مختلف سکیموں کے تحت مراعات فراہم کرنے اور کاروبار اور صنعتوں کا حوصلہ بڑھانے کے سلسلے میں شکریہ ادا کیا۔ اس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے محکمہ انڈسٹریز کی طرف سے تیار کردہ کافی ٹیبل بُک ” صنعت و حرفت“ کا تازہ شمارہ جاری کیا جس میں صنعت و حرفت سے متعلق سہولیات ، مراعات اور مواقع تفصیل سے درج کئے گئے ہیں۔وزیرا علیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، خزانہ کی پرنسپل سیکرٹری نوین چودھری ، کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس شیلندر کمار ، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ٹریڈ اور انڈسٹری کے نمائندوں اور سینئر افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔