جموں//زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے کئی وفود اور لوگوں نے کل یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے معاملات ان کی نوٹس میںلاکر انہیں حل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔گردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان کے ایک وفد نے ایس جنک سنگھ کی قیادت میں سرکاری نوکریوں میں سکھ طبقے کو ریزرویشن دلانے ، اس طبقے کو اقلیتوں کا درجہ دینے اور سکھ برادری کے لئے کئی دیگر مطالبات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے ۔ لیہہ اور کرگل سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے نوبرا میں کالج قائم کرنے ، ترتک کو سیاحتی نقشے پر لانے اور کئی دیگر معاملات اُجاگر کئے۔لنگیٹ سے تعلق رکھنے والے وفد نے حلقے میں ترقیاتی عمل کو آگے لے جانے کا مطالبہ کیا۔ پہلگام اور عشمقام کے وفود نے ان علاقوں میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا۔بشناہ کے وفد نے علاقے میں ایک کمیونٹی ہال کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔