قمر عباس کیانی
مینڈھر // کنٹرول لائن پر ایک بار پھر بھارتی و پاکستانی افواج کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ شروع ہو گیا ہے اور تازہ ترین واقعہ میں جمعرات سہ پہر کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہو ئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق جمعرات سہ پہر ساڑھے 4بجے منکوٹ تحصیل کے بلنوئی، دبڑاج علاقہ میں گولہ باری شروع ہو گئی جس کے دوران پاکستانی فوج کی طرف سے دا غا گیا ایک مارٹر گولہ بلنوئی کے ایک رہائشی مکان پر آگرا ۔ ایک خاتون ، جس کی شناخت47سالہ زینب بی زوجہ نذیر حسین سکنہ بلنوئی کے طور پر ہو ئی ہے ،شدید زخمی ہو گئی اور اس سے قبل کہ ہسپتال منتقل کیا جا تا ، اس کی موت واقع ہو گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بلنوئی ، دبڑاج اور سلانی وغیرہ علاقوں میں فی الوقت جنگ کا سا ماحول ہے اور دونوں طرف سے شدید گولہ باری ہو رہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کم از کم 6مزید افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو نے بتا یا کہ خاتون کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ کی طرف ایمبلوینس بھیج دی گئی تھی لیکن ا س کے پہنچنے سے قبل ہی اس کی موت ہو گئی ۔ دریں اثنا فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بلا اشتعال شروع کی گئی گولہ باری کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک رک رک گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا ۔
کرشنا گھاٹی سیکٹر میں شدید گولہ باری خاتون جاں بحق ، متعدد افراد کے زخمی ہو نے کی اطلاع
![](https://www.dailyudaan.com/wp-content/uploads/2017/06/gola-bari.jpg)