راشن کارڈوں کی معیاد مزید ایک سال تک بڑھائی گئی: ذوالفقار ’’ بائیو میٹرک تقسیم کاری نظام 2018ء کے آخر میں متعارف کیا جائے گا

اڑان نیوز
جموں/ /خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے قانون ساز کونسل میں بتایا کہ حکومت نے راشن کارڈوں کی معیاد جو اگلے مہینے زائد المعیاد ہو رہے تھے کی ویلیڈیٹی ایک سال تک بڑھائی ہے ۔محکمہ کی کارکردگی پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر موصوف نے مزید اعلان کیا کہ محکمہ نے بائیو میٹرک تقسیم کاری نظام کو 2018ء کے آخر تک متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ممبران کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صارفین کو مقررہ کوٹا کے مطابق ضروری غذائی اجناس فراہم کئے جارہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے صارفین کو معیاری غذائی اجناس فراہم کئے جائیں ۔کئی ارکان نے آج قانون ساز کونسل میں خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین محکمہ کے کام کاج سے متعلق ہوئی بحث میں حصہ لیااور کام کاج میں بہتری لانے کی خاطر اپنی تجاویز اور آراء ایوان کے سامنے رکھے۔ نریش کمار گپتا نے بحث کی شروعات کی اور جن دیگر ارکان نے بحث میں حصہ لیا ان میں رومیش اروڑہ ، قیصر جمشید لون ، سیف الدین بٹ ، شیام لال بھگت ، صوفی یوسف ، شوکت حسین گنائی ، سریندر کمار چودھری ، غلام نبی مونگا ، پردیپ کمار ، محمد خورشید عالم اور فردوس احمد ٹاک شامل ہیں۔