جموں کشمیر میں 2373 پروجیکٹوں میں سے 795 پروجیکٹ مکمل کئے جا چکے ہیں :سنیل کمار

جموں//تعمیراتِ عامہ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے قانون ساز اسمبلی میں مبارک گُل کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پچھلے دو برسوں کے دوران منظور شدہ سڑک پروجیکٹوں میں سے مختلف سکیموں کے تحت 795 پروجیکٹ مکمل کئے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران شہر سرینگر میں 482.51 کلو میٹر لمبی سڑکوں پر تار کول بچھایا گیا ہے ۔ وقار رسول کے قلب کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بانہال حلقے میں رواں مالی سال کے دوران 48.36 کروڑ روپے کی لاگت والے 18 سڑک پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے جن پر پچھلے سال نومبر مہینے تک 2.02 کروڑ روپے صرف کئے جا چکے ہیں ۔ ایک مخصوص سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ معاوضہ دینے کی ادائیگیوں کو کلئیر کرنے کا معاملہ متعلقین کے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے ۔ جی ایم سروری کی طرف سے قلب کئے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سنیل کمار شرما نے کہا کہ ریاست میں نبارڈ ، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر سکیموں کے تحت 2373 سڑک پروجیکٹ منظور کئے گئے ۔ اس موقعہ پر الطاف احمد وانی ، علی محمد ساگر اور حکیم محمد یاسین نے ضمنی سوال پوچھ کر سڑک رابطوں میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنے اپنے حلقوں کے مطالبات اجاگر کئے ۔