سپیکر نے قیدیوں کے ساتھ لوہڑی منائی امپھلہ میں’’ سدھار بِکری کیندر‘‘ کا افتتاح کیا

جموں// قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج ڈسٹرکٹ جیل امپھلہ میں قیدیوں کے ساتھ لوہڑی روائتی طور منائی۔ انہوں نے ڈی جی پی جیلخانہ جات ایس کے مشرا کی موجودگی میں قیدیوں کی تیار کی گئی مصنوعات کی فروخت کے سلسلے میں ایک پرچون دکان’’ سدھار بِکری کیندر‘‘ کا بھی افتتاح کیا۔اس مرکزمیں قیدیوں کی جانب سے تیار کی مختلف قسم کی اشیاء بشمول موم بتیاں، بیڈ شیٹس، ریڈی میڈ گارمنٹس، ہینڈی کرافٹس، وُوڈن فرنیچر، کُشن کور اور کئی دیگر مصنوعات فروخت کے لئے رکھی گئی ہیں۔سپیکر کواس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ مصنوعات قیدیوں نے ضروری تربیت کے بعد تیار کی ہیں اور انہیں بازار کے مقابلے میں کم قیمت پر فروخت کے لئے رکھا گیا ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے جیل حکام کی ان کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے قیدیوں کی طرف سے کئے گئے کام کی بھی ستائش کی ۔ڈی جی پی جیلخانہ جات ایس کے مشرا نے اس موقعہ پر کہا کہ جیل میں تیار کی جارہی مصنوعات کو پہلے ایک چھوٹی دکان پر فروخت کیا جاتا تھا لیکن اب اس دکان کو وسعت دے کر سدھار بِکری کیندر میں تبدیل کیا گیا ہے۔افتتاحی رسم کے بعد سپیکر نے جیل احاطے میں لوہڑی کے سلسلے میں منعقد کئے گئے پروگرام میں حصہ لیا۔ اس پروگرام میں ایک تمدنی پروگرام، بھجن اور لوہڑی سے متعلق شو شامل تھے۔ڈی آئی جی جیلخانہ جات ڈاکٹر ایم ایس لون، سنیئرسپرانٹنڈنٹ جاوید مسعود فاضلی،سنیئرسپرانٹنڈنٹ دنیش شرما ،سپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اودہم پور رجنی سہگل اور محکمہ کے سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔