ٹھاٹھری میں پولیس پبلک میٹنگ

ٹھاٹھری//اڑان نیوز//عوام کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے مقصد سے پولیس نے ٹھاٹھری میں عوامی میٹنگ کا اہتمام کیا۔ ایس پی آپریشن ڈوڈہ راویندر پال سنگھ نے سب انسپکٹر وانچارج ایس ایچ او ٹھاٹھری نذیر احمد کے ہمراہ اس میں شرکت کی۔ بڑی تعداد میں ٹھاٹھری، پھاگسو اور مضافاتی گاؤں سے لوگوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران لوگوں نے ٹھاٹھری میں گاڑیوں کی مناسب پارکنگ کے لئے بس اڈہ کی تعمیر، جنگلی جانوروں کی انسانی بستیوں میں گشت پر روک لگانے، ٹھاٹھری علاقہ میں سڑک پر چل رہی پرانی گاڑیوں کو ہٹانے، ٹھاٹھری اور پھاگسو کے ہیلتھ مراکز میں طبی عملہ ودیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ، ٹھاٹھری اسپتال میں گائناکالوجسٹ کی تعیناتی، لائبریری کے قیام ، ڈپوؤں سے مٹی تیل کی مناسب تقسیم، پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے لئے اراضی وقت کرنے والے مالکان کو معاوضہ دینے اور سرمائی ایام کے دوران بجلی کی مناسب سپلائی کا مطالبہ کیا۔ ایس پی آپریشن ڈوڈہ نے شرکاء کو یقین دلایاکہ ان کے جائز مطالبات کو سول انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لاکر ترجیحی بنیادوں پر حل کرایاجائے گا۔ انہوں نے خطہ میں امن وامان بنائے رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے سماج سے جرائم کے خاتمہ کے لئے پولیس کا بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کی۔