جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کل کہا کہ حکومت ریاست کے تمام دیہات کو شہری طرز پر ترقی دینے کے سلسلے میں اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام محکموں کو ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزیر کٹھوعہ ضلع کے چڑوال گائوںمیں عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔پرنسپل چیف کنزویٹر آف فارسٹس روی کیسر ،چیف کنزویٹر آف فارسٹس فاروق گیلانی، منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایف سی سریش گپتا ، ڈائریکٹر ایس ایف آر آئی بی ایم شرما ، ریجنل ڈائریکٹر وائلڈ لائف ڈاکٹر بی ایس سنتھل کمار ، جوائنٹ ڈائریکٹر سوئیل ، واٹر اینڈ کنزرویشن پون کڑیار کے علاوہ مختلف محکمو کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔لال سنگھ نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران ریاست کے تینوں خطوں میں ترقیاتی پروجیکٹوں پر بڑے پیمانے پر کام کاج انجام دیا گیا جس کی بدولت لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات جن میں سڑک رابطے ، تعلیم ، طبی سہولیت ، پینے کے صاف پانی ، بجلی وغیرہ فراہم کی گئی۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کٹھوعہ کے تمام علاقوں کو ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کے اقدامات کریںاور جدید طرز پر پروجیکٹوں کو عملائیں۔وزیر نے ترقیاتی کاموں میں عوامی نمائندوں کو شامل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ لوگ حکومت کی آنکھیں اور کان ہوتے ہیں۔