دچھن سے متعدد لوگوں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت پی ڈی پی ۔ بھاجپا حکومت عوام مخالف اور نااہل :کچلو

اڑان نیوز
کشتواڑ// سابق وزیر ونیشنل کانفرنس ایم ایل سی سجاد احمد کچلو نے پی ڈی پی وبھاجپا حکومت کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے انتخابات کے دوران جو لوگوں کو سبز باغ دکھائے تھے برسراقتدار آنے کے بعد ان جماعتوں نے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی غلط پالیسیوں سے غریب لوگوں کو طر ح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع دفتر کشتواڑ میں منعقد ایک تقریب کے دوران پارٹی کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کچلو نے خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں جہاں غریب لوگوں مہنگائی و بے روزگاری سے پریشان ہیں وہیں راشن ، پانی ، بجلی ، ادویات ودیگر سہولیات کا بھی فقدان پایا جاتا ہے ۔اس دوران دچھن سے آئے درجنوں افراد نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی جن کا کچلو نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اسمبلی حلقہ کشتواڑ میں نیشنل کانفرنس کو مزید تقویت ملے گی۔کچلو نے مفتی محمد سعید فوڈ اسکیم کو لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر قراردیتے ہوئے کہا کہ پندرہ کلو راشن سے غریب کو چولھا نہیں چل سکتا ہے۔انہوں نے مڑواہ ، واڑون ، دچھن ،پاڈر ودیگر پسماندہ دیہات کے لئے راشن کی اسکیل میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بنیادی سہولیات کو وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا۔ایم ایل سی موصوف نے جموں تا کشتواڑ ہوائی سروس شروع کرنے کو غریب لوگوں کے مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف امیر لوگوں کو آسانی ہوگی جبکہ غریب لوگ اسقدر کرایا فراہم نہیں کرسکتے ہیں۔کچلو نے کرایا میں کمی کرنے کی بھی مانگ کی ۔سابق وزیر نے الزام لگایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں مخلوط حکومت نے ضلع کشتواڑ کے لئے نئے پروجیکیٹ منظور کئے تھے تاہم موجودہ حکومت نے انہیں پس پشت ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے قانون سازیہ اجلاس میں وہ عوامی مسائل کو ابھارنے میں کوئی کمی نہیں رکھیں گے۔اس موقع پر رگھو ناتھ ٹھاکر ریٹائر رینج آفیسر، ریٹائر سب انسپکٹر کانسی رام، منشی رام ،کلبیر سنگھ و دیگر کئی لوگوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی جبکہ امتیاز احمد زرگر، آصف قاضی ،کرتار سنگھ،محمد شریف کیلم ،سابق سرپنچ غلام علی ودیگر پارٹی کارکن بھی موجودتھے۔