کوہلی نے ڈگری کالج کالا کوٹ کا سنگ بنیاد رکھا طُلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا حکومت کا اعادہ دہرایا مقامی طُلاب نے ڈگری کالج کے قیام کے سلسلے میں وزیر کی کوششوں کو سراہا

اُڑان نیوز
راجوری //بھیٹ و پشو پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے آج گورنمنٹ ڈگیر کالج کالا کوٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ کالج کا پہلا مرحلہ جو2 بلاکوں پر مشتمل ہے، پر6 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے اور یہ تعمیراتی کام جے کے ہاؤسنگ بورڈ انجام دے گا۔اس موقعہ پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کالا کوٹ میں ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ دیرینہ تھا جو آج پورا ہوا۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا جو طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے سلسلے میں حکومت نے پہلے ہی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں تعلیمی ادارے تعمیر کرنے اور پہلے سے قائم شدہ اداروں کا معیار بہتر بنانے کے سلسلے میں کئی اقدامات اُٹھائے ہیں۔کوہلی نے کہا کہ تمام ترقی کے پروگراموں کو یقینی بنانے کے لئے تعلیم کا فروغ بہت ضروری ہے۔وزیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کے کام میں سرعت لائیں اور مقررہ وقت کے اندر اس پروجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں بالخصوص طلاب نے وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے علاقے میں کالج کے قیام کے سلسلے میں تمام تر ضروری اقدامات اُٹھائے اور آج وہ خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔