چنتا علاقہ میںایک ہفتہ سے بجلی بند،ہزاروں نفوس متاثر مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی ،انتظامیہ اور سرکار کے خلاف احتجاج

ماجد ملک
بھدرواہ// چنتا اور مضافاتی دیہاتوں میں پچھلے سات دنوں سے بجلی نہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو کافی پریشانی کا سامناہے ۔ لوگوں کاالزام ہے کہ کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ سے بجلی کی سپلائی بحال کرنے کی گزارش کی گئی لیکن انتظامیہ اور محکمہ بجلی ٹس سے مس نہ ہوا ۔ہفتہ کو مجبور ہو کر مقامی لوگوں نے بھدرواہ جائی رابطہ سڑک پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے محکمہ بجلی و سرکار کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔سڑک پر ٹائرجلائے ، جس سے چندگھنٹوں کے لئے سڑک پرٹریفک آمدورفت معطل رہی۔مقامی سرپنچ سوشیل کمار بھگت نے الزام لگایا کہ محکمہ بجلی ، انتظامیہ اور موجودہ سرکار ہر محاذ پر ناکام رہی ہے ۔کیونکہ موسم سرما کی تھوڑی سی برف گری اور سب کی پول کھول گئی ۔ ایک ہفتہ سے چنتااور اس کے آس پاس کے کئی دیہات بجلی کے بغیر ہیں لیکن لوگوں کی پریشانی کو کوئی حل نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر برف بھاری تعداد میں گری تو ان حالات میں کئی ماہ تک بھدرواہ میں بجلی کٹی رہے گی ۔ انہوں نے زور دیاکہ جلد از جلد بجلی کی سپلائی چنتا میں بحال کی جائے جس کی کل آبادی پانچ ہزار سے زائد گھروں پر مشتمل ہے ۔ سیوا رام کوتال ، راکیش چوہان وغیرہ نے بھی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔