نئی دہلی //نیوزڈیسک //صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے مرکزی وزیر برائے صحت و طبی تعلیم جے پی نڈا کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ ریاست میں طبی شعبیٔ سے جڑے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر مرکزی وزیر نے بالی بھگت کو یقین دلایا کہ اُن کی حکومت جموں وکشمیر میں طبی سیکٹر کو آگے بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔بعد میں بالی بھگت نے آر پی اوپتھالوجی مرکز واقع ایمز نئی دہلی کا بھی دورہ کیا۔ اس موقعہ پر وزیر کو وہاں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ انہوں نے وہاں موجود فکیلٹی کے ساتھ بھی بات چیت کی۔وزیر کو ایمز میں ٹرانسپلانٹیشن کی مختلف سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر شکتی گپتا نے وزیر موصوف کو یقین دلایا کہ ریاست کے دونوں میڈیکل کالجوں میں آئی بینک کھولنے کے لئے اُن کی طرف سے ہر ممکن مدد دستیاب کرائی جائے گی۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے ڈاکٹروں کو تربیت دینے کا بھی یقین دلایا۔وزیر نے اس موقعہ پر کئی دیگر معاملات کو بھی زیر بحث لایا تا کہ ریاست کے طبی شعبیٔ میں بہتر آسکے۔