غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت مزاحمتی قوتوں کے ٹھکانوں پر بمباری

غزہ //غاصب صیہونی حکومت نے وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں مزاحمتی قوتوں کے ٹھکانوں اور رہائشی علاقوں پر گولہ باری اور بمباری کی ہے۔فلسطینی ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اس نے اسرائیل پر فلسطینی گروہوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل کے جواب میں غزہ پر گولہ باری اور بمباری کی ہے۔فلسطین کے وزارت صحت کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی اس جارحیت میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب فلسطین کی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والی تازہ ترین جھڑپوں میں ایک سو ستاون فلسطینی زخمی ہوئے۔ منگل کے روز بھی صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں ستائیس فلسطینی زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے حالیہ جارحانہ حملوں میں کم از کم چار فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ جمعرات سے اب تک صیہونی فوجیوں کے حملوں میں دوہزار فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں –