ایم ایل سی سجاد کچلو نے سب ڈویژن پاڈر کاتفصیلی دورہ کیا پاڈر، چھاترو ،مڑواہ ،واڑ ون ودچھن کیلئے راشن کوٹہ میں اضافہ کی مانگ

اڑن نیوز
کشتواڑ //ایم ایل سی و سابق وزیر سجاد احمد کچلو نے اسمبلی حلقہ کشتواڑ کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گلاب گڑھ،پاڈر، ناگسینی،اٹھولی، کندن،کرتھل، کیجائی وجاڑ کا تفصیلی دورہ کرکے موسم سرما کے پیش نظر کئے گئے اقدامات کا معائنہ کیا۔کچلو نے ضلع وصوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ سب ڈویژن پاڈرمیں چھ ماہ کے لئے راشن ، تیل خاکی ودیگر اشیاء کی سپلائی کو یقینی بنائیں تاکہ اس دوران لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ابھی برفباری وبارش شروع ہوئی ہے تاہم حکومت کی پول کھل گئی ہے۔سابق وزیر نے الزام لگایا کہ سب ڈویژن پاڈر، مڑواہ ،واڑ ون ودچھن میں غذائی اجناس کی قلت ،بجلی کی آنکھ مچولی وادویات کی کمی پائی جاتی ہے ۔انتظامیہ وحکومت کھوکھلے دعوے کرتی نظر آرہی ہے۔دورہ کے دوران لوگوں نے کئی مطالبات سے کچلو کو آگاہ کیا جس میں منریگا اجرتوں سے محرومی ، بجلی کی غیر معائنہ کٹوتی، سڑکوں کی خستہ حالی وغیرہ شامل ہیں ۔عوام نے پاڈر سب ڈویژن کو ایڈیشنل ضلع کا درجہ دینے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاڈر میں ایڈیشنل ضلع کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو راحت ملے گی۔کچلو نے عوام کو یقین دلایا کہ ان مسائل کو متعلقہ انتظامیہ کی نوٹس میں لا کر حل کیا جائیگا۔نیشنل کانفرنس رہنما نے پاڈر ، چھاترو،مڑواہ ، واڑون ودچھن میں راشن اسکیل میں اضافہ کرنے ونوے فی صدی لوگوں کو بی پی ایل زمرے میں شامل کرنے کی مانگ کی۔انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اتفاق واتحاد کے ساتھ رہ کر فرقہ پرست طاقتوں سے خبردار رہیں۔