بی جے پی اور آر ایس ایس کا واحد مقصد مذہبی منافرت پھیلانا :ڈاکٹر فاروق
اُڑان نیوز
ادھم پور//آنے والے الیکشن میں نیشنل کانفرنس اپنے بل پر انتخابات لڑنے کا عندیہ دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی سرکار سے لوگ اب تنگ آچکے ہیںاس لئے رائے دہند گان اب بدلاو چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر ملک کے لوگوں کو تقسیم کرنا چاہتی ہے تاہم سیکولر پارٹیاں بی جے پی کے عزائم کو خاک میں ملائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ آر ایس ایس کے لیڈران مذہبی منافرت پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ادھم پور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے کہاکہ موجودہ پی ڈی پی ،بی جے پی سرکار ہر محاذپر ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریاست کے تینوں خطوں میں لوگوں کو گونا گوں مصائب ومشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے حتیٰ کہ اب مذہب کے نام پر بھارتیہ جنتاپارٹی سیاست کر رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کو جب ہار سامنے دکھائی دیتی ہے تو وہ مذہب کا سہارا لیتی ہے حالانکہ ملک کے لوگوں کو اس بات کی پوری جانکاری ہے کہ بی جے پی کے لیڈران اقتدار کی خاطر ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرناچاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ برطانیہ سامراج کے دوران سبھی مذاہب کے ماننے والوں نے جدوجہد کی تاہم آر ایس ایس واحد تنظیم جو آزادی کی جنگ کے دوران برطانیہ میں رہے اور اب وہ ملک کی باتیں کر رہے ہیں جوسمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا واحد مقصد مذہبی منافرت پھیلانا ہے تاکہ وہ اقتدار کی کرسی حاصل کرسکیں۔ نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے مزید بتایا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے یروشلم کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنا کئی سوالوں کو جنم دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فرانس ، برطانیہ نے امریکی صدر کے فیصلے کی مخالفت کی تاہم بی جے پی کی سربراہی میں مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں معنی خیز خاموشی اختیارکی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کریں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حکومت نے اپنے دور میں عسکریت پسندوں کو آزاد کروایا حالانکہ ریاستی حکومت نے اُس وقت اس کی مخالفت کی تاہم سواریوں کو بچانے کیلئے سخت موقف رکھنے والے جنگجوئوں کو مرکزی حکومت نے رہا کیا ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر نے اعلان کیا کہ آنے والے اسمبلی الیکشن میں پارٹی اپنے دم پر الیکشن لڑے گی اور ہمیں کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ لوگ اب پی ڈی پی اور بی جے پی اتحاد سے تنگ آکر نیشنل کانفرنس کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں۔فاروق عبدا ﷲ نے واضح کردیا کہ آنے والے اسمبلی سیشن میں پارٹی اٹانومی کی بحالی پر زور دے گی ۔
اپنے دم پر الیکشن لڑیں گے
![](https://www.dailyudaan.com/wp-content/uploads/2017/12/dr.jpg)