نیوزڈیسک
رام بن //چیف سیکریٹری بی بی ویاس نے بانہال میں ریلوے کام، چار گلیارہ سڑک بشمول بانہال تاناشری این ایچ 4Aپر جاری تعمیری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رام بن میں افسران سے ایک میٹنگ کر کے سرمائی ایام کے دوران عوام کو درپیش آنے والی مشکلات کے لئے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اشیاء ضروریہ کی سٹاک وسپلائی، بجلی، پانی کی دستیابی اور ضلع رام بن میں جاری اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، پرنسپل سیکریٹری محکمہ داخلہ آر کے گوئل، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری، آئی جی پی ٹریفک، ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی، ایس ایس پی موہن لال، اے ڈی سی ڈاکٹر جی ایل سنگھ، سی پی او اوتم سنگھ اور ضلع کے دیگر افسران اس میٹنگ میں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے چیف سیکریٹری کو اہم ترقیاتی کاموں اور فلیگ شپ پروگراموں کی مادی ومالی حصولیابی بارے تفصیلی جانکاری دی۔ انہوں نے اشیاء ضروریہ کے سٹاک اور سپلائی کے علاوہ سرمائی ایام کیلئے کی گئی تیاریوں کے پلان بارے بھی بتایا۔ انہوں نے ضلع اسپتال رام بن میں ڈاکٹروں وآلات کی کمی کی بھی چیف سیکریٹری کو جانکاری دی اور ڈھانچہ کی تجدید نیز ڈیجیٹل ایکسرے کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ معائنہ کے دوران چیف سیکریٹری نے تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ پروجیکٹ کی تکمیل میں سرعت لائی جائے۔ انہوں نے ناشری سے بانہال تک قومی شاہراہ کی مناسب دیکھ ریکھ اور انتظام کی ہدایات دیں۔چیف سیکریٹری نے قومی شاہراہ پر عملہ اور مشینری کو ہمہ وقت دستیاب رکھنے کو کہا تاکہ قومی شاہراہ پرٹریفک جام نہ ہو۔انہوں نے چار گلیارہ سڑک کی تعمیر، ریلوے اور دیگر پروجیکٹوں کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں پر بھی تفصیلی بحث وتمحیص کی۔ چیف سیکریٹری نے متعلقہ افسران پر زور دیاکہ رکاوٹوں کو جلد سے جلد دور کیاجائے۔ جواہر ٹنل پر بی بی ویاس کو جانکاری دی گئی کہ مختلف مقامات پر 94رہائشی شیڈ قائم کئے جاچکے ہیں جہاں راشن کے علاوہ دیگر سہولیات بھی دستیاب رہیں گی۔علاوہ ازیں قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر طبی سہولیات کا بھی انتظامات رکھا گیا ہے ۔چیف سیکرٹری نے نئی قاضی ۔ بانہال سڑک ٹنل کے کام کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسی سے کہا کہ وہ 8.45کلومیٹر لمبی اس ٹنل کے کام میں تیزی لائیں ۔چیف سیکرٹری نے رام بن اور دیگر مقامات پر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
ویاس نے ضلع رام بن میں سرمائی تیاریوں اور ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لیا نئی قاضی ۔ بانہال 8.45کلومیٹر لمبی ٹنل کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت
![](https://www.dailyudaan.com/wp-content/uploads/2017/12/5-2.jpg)