کٹھوعہ // نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے لوگوں کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ روز گار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنے میں بجلی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ایک گھر کو بجلی سے آراستہ کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سے محروم گھروں تک بجلی پہنچانے کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا ( سوبھاگیہ ) اور دین دھیال اپدھیائے گرام جیوتی یوجنا جیسی سکیمیں عملائی جا رہی ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بسوہلی تحصیل کے مان پور گاو¿ں میں 48 لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کئے گئے 6.3 ایم وی اے ٹرانسفارمر کا افتتاح کرنے کے بعد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرانسفارمر کی بدولت علاقے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری ہو گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی مانگ میں سال در سال اضافہ ہو رہا ہے البتہ بجلی اس رفتار سے پیدا نہیں ہو پاتی ہے لہذا بجلی چوری پر قابو پانا اور اس کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نرمل سنگھ نے کہا کہ بنی بسوہلی اور بلاور میں بجلی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے 18 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وہاں مقامی لوگوں کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کے تناظر میں کہا کہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کئی ایک معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی موقعے پر ہی ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت علاقے میں سیاحت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ ایم ایل اے بنی جیون لال نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت کی سکیموں کو اجاگر کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے کہا کہ وہ سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے آگے آ جائیں ۔ اس دوران متعلقہ محکموں کے افسران اور انجینئر بھی موجود تھے ۔