اڑان نیوز
جموں // دنیا کے مختلف حصوں کی طرح صوبہ جموں میںجمعہ کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی(ص) کی ولادت باسعادت عید میلادالنبی ﷺکی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوںمیں عید میلاد النبیﷺکی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ نماز جمعہ کے خطبات میںعلمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلامﷺ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔صوبہ بھر میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ چائے، گرم دودھ اور روٹی کا انتظام رکھا گیا تھا۔ سب سے بڑی تقریب سرمائی دارالحکومت جموں میں ہوئی جہاں مختلف مساجد سے جلوس بر آمد ہو ئے اور مختلف بازاروں میں گزرے ہوئے ہوئے واپس اختتام پذیر ہوئے ۔ جامع مسجد کھٹیکاں تالاب جموں ، لکھداتا بازار جموں ، جامع مسجد گوجر نگر ، جامع مسجد استاد محلہ ، جامع مسجد جانی پور، جامع مسجد پُل توی جموں ، پٹھنڈی ، نروال اور سنجوان کی مختلف مساجد سے جلو س بر آمد ہوئے جس کے دوران ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ شرکا نے اسلام کی سر بلندی اور پیغمبر آخر الزمان آنحضور ﷺ کی شان میں نعرے بلند کئے ۔ اس کے علاوہ سدھڑا ، بجالتہ ، نگروٹہ اور دیگر جگہوں پر بھی جلوس بر آمد ہوئے ۔ اس دوران کئی سیرتی مجالس کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں علام کرام نے سیرت طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی ۔ صوبہ کے مختلف اضلاع سے بھی جشن عیدمیلاد النبی منانے کی اطلاعات موصول ہو ئی ہیں ۔ خطہ چناب میں کشتواڑ ، بھدرواہ ، ڈوڈہ ، بٹوت ، رام بن ، گول ، مہور ۔ ٹھاٹھری ، گندو ، بانہال ، رام بن ، خطہ پیر پنچال میں راجوری ، نوشہرہ ، کالاکوٹ ، بدھل ، درہال ، کوٹرنکہ ، منجا کوٹ ، تھنہ منڈی ، سرنکوٹ ، پونچھ ، منڈی ، مینڈھر ، ضلع ریاسی ، ضلع کٹھوعہ اور ضلع سانبہ سے بھی عید میلاد النبی ﷺ منائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ اس دوران صوبہ بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ، بالخصوص سرمائی دارالحکومت میں جگہ جگہ پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کئے گئے تھے۔