چدمبرم کا بیان ناقابل برداشت کشمیر کی موجودہ صورتحال کے لئے کانگریس ذمہ دار : جتندر سنگھ

Reading Time: 2 minutes

نیوز ڈیسک
نئی دہلی//کشمیر میں موجودہ صورتحال کی ذمہ داری کانگریس پر ڈالتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت نے کہا کہ کانگریس کی غلطیوں کی وجہ سے ریاست میں حالات خراب ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے پچاس برسوں سے کانگریس نے اقتدار کے مزے لئے اور کشمیر مسئلہ پیدا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پنڈت جواہر لال نہرو کی غلطی کے باعث ہی ملک کے لوگوں کو یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت نے واضح کردیا کہ حکومت کی جانب سے نامزد مذاکرات کار کو ہر کسی سے بات چیت کرنے کی آزادی دی گئی ہے اور آنے والے دنوں کے دوران سب کچھ سامنے آئے گا۔سرینگر میں پارٹی میٹنگ کے بعد حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ کشمیر کے بارے میں سابق وزیر داخلہ پی چدمبر م کا بیان ناقابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس کی غلطیوں کی وجہ سے ہی مسئلہ کشمیر پیدا ہوا۔ انہوںنے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی غلطیوں کو سدھارنے کیلئے بی جے پی میدان میں کود پڑی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ کانگریس ہی جس نے ریاست جموںوکشمیر میں حالات کو درہم برہم کرانے میں اہم رول ادا کیا کیونکہ پارٹی کے لیڈروں نے ماضی میں غلطیاں کیں جس کی وجہ سے ملک کے لوگوں کو یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت نے واضح کردیا ہے کہ بی جے پی کا موقف کشمیر کے بارے میں واضح اور صاف ہے کہ ہم تمام طبقوں کے ساتھ حالات کومعمول پر لانے کیلئے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مذاکرات کار نامزد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ سابق آئی بی چیف کو تمام رہنمائوں کے ساتھ بات کرنے کی کھلی آزادی دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی ریاست خاص کروا دی کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے کوشاں ہے تاہم کانگریس اس موڑ پر بھی سیاست کر رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی چدمبرم کو کشمیر کے متعلق بیا ن دینے سے قبل ہزار بار سوچنا چاہئے تھا۔v