سول سیکریٹریٹ کھلنے سے قبل جموں کی بن آئی شہر کو سجانے کے لئے تمام محکموں و اداروں کی سرگرمیاں عروج پر

Reading Time: 3 minutes

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//روایتی سالانہ دربار موؤ دفاتر کی سرمائی دارالحکومت منتقلی کے پیش نظر جموں شہر میں زوروشور سے تیاریاں جاری ہیں۔ سیکریٹریٹ سرما کے 6ماہ کے لئے 6نومبر کو کھلیں گے۔ اس کے پیش نظر شہر جموں میں خصوصی صفائی ستھرائی کا کام شروع کیاگیاہے۔ جانی پور، نیو پلاٹ روڑ، امپھلا روڑ، بی سی روڑ، جیول، ڈوگرہ چوک، بکرم چوک تاستواری چوک، رگھوناتھ بازار، وزارت روڑ ، شہیدی چوک سے شالیمار چوک، سول سیکریٹریٹ تک ہر جگہ ان دنوں مردو زن بیرون ریاست کے مزدور سڑک کنارے نالیوں کی صفائی ستھرائی کرنے پر لگے ہیں۔میونسپل کارپوریشن، محکمہ بلدیہ، پانی ، بجلی ودیگر محکمہ جات کافی سرگرم نظر آرہے ہیں۔ گذشتہ چھ ماہ کے زائد عرصہ سے سڑکوں کنارے جمع مٹی، گرد کی تہہ کو کرید کرید کر وہاں پر رنگ وروغن کیاجارہاہے۔ ہری محل سے لیکر ستواری چوک، بن تالا ب سے لیکر سینک کالونی تک کے وسیع علاقہ تک سڑکوں کے کنارے جمع کوڑا کرکٹ اور ملبہ وغیرہ ہٹایاجارہاہے۔ سڑک کنارے جھاڑیوں کی کٹائی اور گھاس پوس کو صاف کرنے کا بھی عمل تیزی سے جاری ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر بلیک ٹاپنگ کا بھی عمل جاری ہے۔ جموں میونسپل کارپوریشن نے خاص طور سے فٹ پاتھ، سڑک کنارے اور راستوں میںناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لئے خصوصی مہم شروع کر رکھی ہے۔ غیر ریہڑی زونوں میں لگائی گئی ر یہڑیوں کو ضبط کیاجارہاہے تاکہ راہگیروں کو چلنے میں دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ساتھ ہی ٹریفک نقل وحمل شفاف طریقہ سے چلے۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس بھی شہر میں ٹریفک نظم ونسق کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی طے کر رہی ہے کیونکہ دربار موؤ دفاتر کے بعد جموں میں ٹریفک نظم ونسق کو بنائے رکھنا چیلنج بھرا کام ہے ۔ سیول سیکریٹریٹ دفاتر کی سرگری نگر سے جموں منتقلی پر کم سے کم 25ہزار اضافی گاڑیاں یہاں آتی ہیں جس میں وی آئی آئی پیز، وی آئی پی بمشول وزراء اور بیوروکریٹوں کی گاڑیاں بھی شامل ہوتی ہیں ۔ٹریفک جموں شہر میں پہلے سے ہی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایک اندازہ کے مطابق جموں میں گاڑیوں کی تعداد5.5لاکھ کے قریب ہے ۔ ٹریفک عملہ بہت کم ہے اور اس وقت ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کو ہینڈل کرنے کے لئے صرف ایک ٹریفک پولیس ہلکارہے۔کشمیر میں 28اکتوبر کو ہفتہ میں چھ دن کام کرنے والے دفاتر بند ہوگئے تھے۔ وزراء، اراکین قانون سازیہ، بیروکریٹس اور دیگر سول سیکریٹریٹ دربار موؤ ملازمین کے لئے ڈاک بنگلوں، رہائشی کوارٹروں کی بھی تجدید ومرمت کا کام تقریبا ًمکمل کر لیاگیاہے۔ جموں میں محکمہ اسٹیٹ کے 3167رہائشی کوارٹر موجود ہیں ۔ گذشتہ دنوں صوبائی کمشنر جموں ایم کے بھنڈرای نے سالانہ دربار موؤ کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیاتھا۔ انہوں نے کمپنی باغ، پونچھ ہاؤس، مٹھی، جانی پور، ٹوپ شیرخانیہ، ریہاڑی، سروال ، بی سی روڑ اور دیگر مقامات پر موجود رہائشی کوارٹروں کا دورہ کر کے وہاں پر جاری کام کاج کا جائزہ لیا اور اس کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی تھیں۔ رہائشی کوارٹروں میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی ترسیل کے بھی انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔ سری نگر سے جموں دربار موؤ سازوسامان کی محفوظ اور شفاف منتقلی کے لئے جموں سر ی نگر شاہراہ پر بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سڑک کنارے کرین، موبائل ورکشاپ، ریکوری وین، میڈیکل موبائل ٹیمیں، ایمبولینس/طبی سہولیات جگہ جگہ دستیاب رکھی گئی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری ان کا استعمال کیاجائے۔شاہراہ پر ٹریفک نظم ونسق کے لئے بیکن، سمپرک اور این ایچ اے ون حکام بھی چاک وچوبند ہیں۔ 28اور29اکتوبر اور ،4,5نومبر کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک چلے گی تاکہ سرینگر سے جموں میں دربار ملازمین اور سرکاری ریکارڈ کو لانے والی گاڑیوں کی نقل وحمل شفاف رہے۔ اس کانوائے کے ساتھ فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف اور ایس ایس بی کے اہلکار بھی رہیں گے۔خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین محکمہ کی طرف سے دربار موؤ ملازمین کو عارضی راشن کارڈ اور گیس کنکشن کی اجرائیگی کے علاوہ بروقت راشن اور ایل پی جی گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بی ایس این ایل حکام بھی جموں سول سیکریٹریٹ میں ہر جگہ بہتر نیٹ ورک کو یقینی بنانے کے لئے کام میں لگے ہیں۔ صوبائی کمشنر جموں یکم نومبر2017کو ایڈوانس پارٹی کے طور پر جموں بھیجے گئے افسران کی میٹنگ کی صدارت کریں گے تاکہ دربار موؤ کھلنے کے لئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔ حکام کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ سول سیکریٹریٹ جموں میں تمام کمروں کو 31اکتوبر2017تک ایڈوانس پارٹی کو سونپ دے گا۔