جی ایس ٹی بارے بھاجپا اپنی پوزیشن واضح کرے:کانگریس

جی ایس ٹی بارے 2016کاکابینہ فیصلہ….
بھاجپا اپنی پوزیشن واضح کرے:کانگریس
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس نے 14اکتوبر2016کو جموں وکشمیر ریاست میں جی ایس ٹی اطلاق متعلق متفقہ کابینہ فیصلہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کواپنی پوزیشن واضح کرنے کو کہا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ بھاجپا جی ایس ٹی کے اطلاق میں تاخیر بارے حزب اختلاف کو مورد الزام ٹھہرانے سے قبل اپنا موقف واضح کرے۔ کانگریس ترجمان نے کہا ہے کہ کابینہ فیصلہ نمبر94/10/2016پر بھاجپا اپنی پوزیشن واضح کرے جس میں کہاگیا ہے کہ وزیر خزانہ کی طرف سے دی گئی پریزنٹیشن کے بعد کابینہ اس کو منظوری دیتے ہوئے محکمہ خزانہ کو درج ذیل ہدایت دیتی ہے کہ مرکزی سرکار اور جی ایس ٹی کونسل کے ساتھ صلاح ومشورہ کے لئے حکمت عملی کرتے وقت ریاست کی خصوصی آئینی پوزیشن کا خیال رکھاجائے ۔ ریاستی سرکار محکمہ قانون، مریز وزارت خزانہ اور قانونی ماہرین کے ساتھ صلاح ومشورہ کے بعد اپنا قانونی مسودہ تیار کرے۔انہوں نے الزام لگایاکہ بی جے پی۔ پی ڈی پی نے کنفیوژن پیدا کی ہے۔ ترجمان راویندر شرما نے بتایاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی دفعہ370پر اپنی آئیڈیالوجی اور فلاسفی کی پی ڈی پی کے سامنے خود سپردگی کر چکی اور اب اس کو چھپانے کی کوشش کر رہے لیکن کابینہ فیصلہ کے ریکاڈ نے ان کی پول کھول دی ہے اور یہ ظاہر ہوگیاکہ جی ایس ٹی کے عدم اطلاق سے جوصورتحال ، تذبذب، بے چینی، افراتفری پیدا ہوئی اس کے لئے بھارتیہ جنتاپارٹی اور اس کی اتحادی پارٹنر بھارتیہ جنتا پارٹی ذمہ دار ہے۔