عمران انصاری کی راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات تعمیری سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شمولیت کےلئے مرکز کا تعاون طلب کیا

Reading Time: < 1 minute

اڑان نیوز
نئی دلی//کھیل کود اور تکنیکی تعلیم کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے کل نئی دلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور تعمیری سرگرمیوں میں ریاست کے نوجوانوں کو شامل کرنے میں مرکز کا تعاون طلب کیا۔وزیر نے کھیل کود، ہنرمندی اور تکنیکی تعلیم کے شعبوں میں پیہم اختراعی پروگراموں کو فروغ دے کر نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ وزیر نے کہا کہ ریاست کے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جنہوںنے تعلیم اور مقابلہ جاتی امتحانات میں لوہا منوایا ہے۔ وزیر نے کہا کہ موجودہ تذبذب سے باہر نکالنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی داخلہ وزیر نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع اور مختلف سطحوں پر اُن کی شمولیت یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔عمران انصاری نے کہا کہ ریاستی سرکار نے ریاست کے ہر دیہات میں سپورٹس کلب شروع کئے ہیں تاکہ دور دراز کے علاقوں کو فائدہ مل سکے ۔ وزیر نے فزیکل ایجوکیشن میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو رہبر کھیل سکیم کے تحت نوکری پر لگانے کا منصوبہ مرکزی وزیر کے سامنے رکھا اور کہا کہ ریاستی سرکار پہلے مرحلے میں 1500 رہبر کھیل اُمید واروں کو کام پر لگا رہی ہے اور مرکز کو بھی اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئے ۔ وزیر نے کہا کہ ریاستی عوام کو موجودہ مخلوط سرکار سے کافی اُمیدیں وابستہ ہیں اور ریاست میں امن و امان اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مرکز کا تعاون ضروری ہے۔راجناتھ سنگھ نے یقین دلایا کہ مرکزی سرکار کھیل کود کے شعبے میں روزگار کے مواقع قائم کرنے کے علاوہ ریاست میں کھیل کود کو بہتر ڈھنگ سے فروغ دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔