جموں وکشمیر میں بیساکھی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا رنبیر نہر کنارے منعقدہ میلے میں ہزاروں لوگوں کی شرکت

SRINAGAR, APR 14 (UNI):- Sikhs offering prayer at a Gurudwara on the occasion of Baisakhi festival, in the Kashmir valley on Friday.UNI PHOTO-46U

نیوزڈیسک
جموں//جموں وکشمیر میں جمعہ کو سکھ برادری نے خالصہ پنتھ کے قیام اور فصلوں کی کٹائی کی خوشی میں منایا جانے والا بیساکھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔سرینگر میں اس تہوار کے موقع پر شہر ہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع مغل باغات کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا جاتاہے۔جمعہ کی صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ افراد کا گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔جموں میں گردوارا رانی چاند کور گمٹ میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ یہاں پر بڑے بڑے لنگر لگائے گئے تھے۔ کنال روڈ پر بیساکھی میلہ بھی منعقد کیاگیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوںنے شرکت کی۔ پونچھ، کٹھوعہ، اودھم پور، سانبہ، ریاسی اور راجوری میں بھی بیساکھی کی مناسبت شاندار تقریبات منعقد ہوئیں۔رنبیر نہر کنارے منعقد ہونے والے سالانہ میلے میں پورے ضلع اور گردونواح سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر بچوں اور خواتین کے لیے خصوصی سٹالز لگائے گئے تھے جبکہ بچوں نے اونٹوں کی سواری کا لطف اٹھایا اور کھلونے خریدے۔میلے کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ضلع بھر میں ’’بسوا بیساکھی مہوتسو‘‘ کے عنوان سے تین روزہ رنگا رنگ بیساکھی فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا۔وادی میں بیساکھی کے تہوار کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب گرمائی راجدھانی سری نگر میں کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح ) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعددا، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعدداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی تھی۔ اس موقعے پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جس نے جمعے کی صبح اس گردوارے کا دورہ کیا، نے بتایا کہ گردوارے کے باب الداخلے پر رضا کار تعینات کئے گئے تھے جو عقیدت مندوں اور میڈیا اہلکاروں کو ایک ایک کرکے اندر جانے کی اجازت دے رہے تھے۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہ مولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر، برزلہ اور وادی کید وسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔حسب روایت جمعے کو ایک بار پھر کشمیری مسلمان اور کشمیری پنڈت سکھوں کو بیساکھی کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آئے۔دریں اثنا سری نگر میں واقع مغل باغات بشمول نشاط، شالیمار اور چشمہ شاہی کو جمعے کے روز سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔تاہم یہ باغات غیر سرکاری طور پر گذشتہ ایک ماہ سے سیاحوں کے کے لئے کھلے تھے۔صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی بیسکاھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے۔اس موقع پر شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ صوبے کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔