نئی دہلی// اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ دہلی کے رام لیلا میدان میں ’میگا ریلی‘ کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ دہلی کی بھیڑ بتا رہی ہے کہ مودی جی (وزیر اعظم نریندر مودی) آندھی کی طرح آئے تھے اور طوفان کی طرح چلے جائیں گے۔ ہم ملک کے کونے کونے میں جہاں بھی جا رہے ہیں عوام کا آشیرباد حاصل کر رہے ہیں۔ ہم یہاں ملک کے آئین اور بھائی چارے کو بچانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ ملک میں تقسیم کا کام ہو رہا ہے۔ نفرت کی سیاست کی جا رہی ہے۔ اس لیے ہم سب لیڈر آپ کی لڑائی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام اس لڑائی میں ہمارا ساتھ دیں۔ نعرے لگانے والوں کی تعداد اس بار 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان کے پاس منہ ہے، وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں لیکن عوام مالک ہے۔ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک پر کون حکومت کرے گا۔ وہ نعرے لگا رہے ہیں اور ٹارگٹ فکس کر رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ای وی ایم پہلے ہی سیٹ ہو چکی ہیں۔ ان لوگوں کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے۔