سری نگر// وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی میں شرکت کرنے کے لئے یہاں بخشی اسٹیڈیم کے باہر لوگوں کا سیلاب امڈ آیا تھا اور لوگ لمبی قطاروں میں کھڑے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لئے اپنی اپنی بھاریوں کا انتظار کر رہے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی صبح پھوٹنے کے ساتھ ہی چہار سو لوگوں کا بخشی اسٹیڈیم کی طرف آنے کا سلسلہ شروع ہوا اور چشم زدن میں اسٹیڈیم کے باہر لوگوں کا جم غفیر جمع ہوا۔انہوں نے کہا کہ کڑی سیکورٹی کے بیچ ان لوگوں کو اسٹیڈیم میں داخل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ریلی میں حصہ لینے والوں میں مرد و زن اور پیر و جوان شامل تھے۔بتادیں کہ یہ وزیر اعظم کا ایک مہینے سے بھی کم وقت میں جموں وکشمیر کا دوسرا جبکہ سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد سری نگر کا پہلا دورہ ہے۔انہوں نے گذشتہ شام ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘کل یعنی 7 مارچ کو میں سری نگر میں ‘وکست بھارت وکست جموں وکشمیر’ پروگرام میں شرکت کروں گا’۔وزیر اعظم نے اپنے اس پوسٹ میں مزید کہا: ‘مختلف ترقیاتی کام قوم کے لئے وقف کئے جائیں گے جن میں زرعی معیشت کوفروغ دینے سے متعلق زائد از 5 ہزار کروڑ روپیے مالیت کے کام شامل ہیں نیز سیاحت سے جڑے مختلف کام بھی قوم کے نام وقف کئے جائیں گے’۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر جہاں سری نگر کی قابل دید زیبائش و آرائش کی گئی ہے وہیں سیکورٹی کے بھی فقید المثال بند و بست کیا گیا ہے۔