4دہائیوں کے زائد عرصہ سے جاری جدوجہد منطقی انجام کو پہنچی!
قانون سازی کاآخری مرحلہ طے، جموں وکشمیر ایس ٹی ترمیمی بل پر صدر ِ جمہوریہ کی مہر ثبت
الطاف حسین جنجوعہ
سنہری تواریخ
٭ 6فروری2024کو لوک سبھا میں بل پاس
٭ 9فروری 2024کو راجیہ سبھا کی منظوری
٭ 12فروری2024کوبل پر صدر ِ جمہوریہ کے دستخط
جموں//درج ِ فہرست قبائل کے زمرہ میں شامل کرنے کے لئے چار دہائیوں کے زائد عرصہ سے پہاڑ ی قبیلہ کی جاری جدوجہد ایک نئی صبح کی نویدلیکر بالآخر اپنے منطقی انجام کوپہنچی۔تمام مراحل طے ہونے کے بعد اب باقاعدہ طور پہاڑی قبیلہ ’شیڈیول ٹرائب‘قرار پایا ہے۔دیگر تین قبائل میں پاڈری ٹرائب، گادا براہمن اور کولی شامل ہیں۔ قانون سازی کاآخری مرحلہ 12فروری2024بروز پیر صدر ِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کی طرف سے آئین (جموں وکشمیر )شیڈول ٹرائب ترمیمی بل پر دستخط کرنے سے طے ہوگیا۔بیکورڈ کلاس کمیشن کی سفارش ،رجسٹرارا جنرل آف انڈیا (آر جی آئی)اور نیشنل کمیشن فار شیڈیول ٹرائب (این سی ایس ٹی)سے ہری جھنڈی ملنے اور پر وزیر اعظم نریندر مودی قیادت والی مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد 26جولائی2023کو تین دیگر قبائل سمیت ’پہاڑی ایتھنک گروپ‘کو شیڈیول ٹرائب کا درجہ دینے کے لئے ترمیمی بل پارلیمنٹ کے ایوان ِ زیریں (لوک سبھا) میں پیش کیاگیاتھا جس کو بحث وتمحیص کے بعد6فروری2024کو صوتی ووٹوں سے اکثریتی رائے سے پاس کیاگیا۔9فروری کوراجیہ سبھا نے بھی بل کو منظوری دی تھی۔اب باقی کام جموں وکشمیر انتظامیہ کے حد اختیار میں ہے۔ گورنمنٹ گزٹ میں نوٹیفکیشن کے بعد اگلہ مرحلہ جموں وکشمیر ریزرویشن رولز میں ترمیم کرنا ، آبادی کے حساب سے ریزرویشن کی شرح طے کرنا اور باقاعدہ اسٹیچوٹری آرڈر(SO)جاری کرنا ہے۔ اس فیصلے سے جموں وکشمیر کے پہاڑی قبیلے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جن کی چار دہائیوں کے زائد عرصہ سے جاری جدوجہد منطقی انجام پہنچنانے پر مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سیاسی مبصرین پہاڑی قبیلہ کو ایس ٹی کا درجہ دینے کو جموں وکشمیر کی سیاست میں ایک اہم سنگ ِ میل دیکھتے ہیں۔ اِن کے مطابق آنے والے وقت پر سیاسی منظرنامہ یکسر بدلے گا ۔پیر کو صدر ِ جمہوریہ ِ ہند کی مہر ثبت ہونے کے ساتھ ہی دہلی سے لیکر جموں وکشمیر تک سیاسی ہلچل دیکھنے کو ملی۔پہاڑی ، پاڈری ، گدا براہمن اور کولی قبائل کی سیاسی، سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی ممبران پر مبنی ایک مشترکہ وفد نے راج بھون جموں میں جاکر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پہاڑی قبیلہ کی اِس دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے لیڈران سے کہا کہ وہ طبقہ سے متعلق مسائل پر حکومتی اَفسران کے ساتھ تال میل کے لئے سرکردہ ارکان کی ایک کمیٹی تشکیل دیں۔یاد رہے کہ اب جموں وکشمیر میں درج فہرست قبائل کی مجموعی تعداد16ہوگئی ہے جن میں بلتی، بیدا، بوٹ، بوٹو،بروکپا، ڈروکپا، درد،شین، چانگپا، گارا، مون پوریگپا، گجر، بکروال گدی سپی ، پہاڑی نسلی گروپ، پاڈری، کولی اور گدا براہمن شامل ہیں۔