سری نگر//منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کولگام پولیس نے ایس ایس پی کولگام کی نگرانی میں منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے مزید دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے بائی پاس پر گشت کے دوران چھتہ بل برج کے نزدیک دو مشتبہ افراد کو روکا۔بیان میں کہا گیا کہ ان دونوں افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو تعاقب کرکے دھر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے بیگوں میں بھرا 7 کلو بھنگ پائوڈر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔بیان میں ان کی شناخت محمد صادق وازہ ولد غلام محمد وازہ ساکن زیارت گلی کولگام اور بشیر احمد شیخ ولد گل محمد شیخ ساکن چولگام کے بطور کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کولگام میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔بتادیں کہ جموں وکشمیر پولیس نے معاشرے کو منشیات کی وبا سے صاف کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر مہم چھیڑ رکھی ہے جس کے تحت آئے روز منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے اور دیگر کارروائیاں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔