سری نگر// وادی کشمیر میں خشک سالی کے بیچ آگ کی وارداتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں 24آگ کی وارداتوں میں سات رہائشی مکان ، بینڈ سال مل ، تین دکان اور کئی گا و خانے خاکستر ہوئے، لاکھوں کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردوکو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کے روز باغات برزلہ میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابوپایا گیاتاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان کو نقصان پہنچا۔حاجن بانڈی پورہ میں درمیانی شب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ٹنگڈار میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل اور ایک مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارورائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو رہائشی مکان اور ایک دکان پوری طرح سے خاکستر ہوئے ہیں۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔بانڈی پورہ ضلع کے دور افتادہ علاقے تلیل میں بھی آگ کی واردات میں رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے جبکہ کپرن اننت ناگ میں آتشزدگی کی بھیانک واردات کے دوران رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے۔بانڈی پورہ کے ہی سمبل اندر کورٹ میں درمیانی شب آگ کی واردات میں رہائشی مکان کو نقصان پہنچا۔موصوف آفیسر نے بتایاکہ پنزگام کپواڑہ میں آتشزدگی کی واردات میں گاوخانہ خاکستر ہوا جبکہ اننت ناگ میں بینڈ سا مل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پازال پورہ بجبہاڑہ میں درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں گاو خانہ مکمل طورپر تباہ ہوا۔ عہدیدار نے بتایا کہ درمیانی شب کئی جنگلی علاقوں میں بھی آگ نمودار ہوئی تاہم وقت رہتے آگ کی ان وارداتوں پر قابوپایاگیا۔دریں اثنا محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر آفیسر نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ‘اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا اور محکمے کی طرف سے جاری کی جانے والی ایڈویزری کو عمل میں لایا جائے گا تو آگ کی وارداتوں میں کمی درج کی جاسکتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ گرمی کے الیکٹرک یا گیس پر چلنے والے آلات کا استعمال کرتے وقت حد درجہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا: ‘الیکٹرانک ہیٹر ہو یا گیس ہیٹر ہو، سونے سے قبل اس کے بند کرنے کو ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہئے’۔یو این آئی