نثار خان
تھنہ منڈی// ایس ڈی ایم، ایس ڈی پی او کے دفاتر ہیں، منصف کورٹ ،ڈگری کالج سمیت کئی اہم اداروں اور وسیع آبادی پر محیط سب ڈویژن تھنہ منڈی میں 90ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کے لئے واحد پرائمری ہیلتھ سینٹر ہے۔ یہ قصبہ راجوری سے براستہ دیرہ کی گلی بطرف کشمیر جانے والی تاریخی مغل شاہراہ پر واقع ہے، جہاں پر بنیادی سہولیات اور خدمات کا فقدان ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس برائے نام ہسپتال میں سپلائی کے لئے ادویات نہیں،90 ہزار آبادی والے علاقہ کا یہ ہسپتال صرف خدا کے سہارے پر چلتا ہے ہر روز یہاں کے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایک مقامی شخص نے بتایاکہ کل اچانک اُن کی بہن کی صحت بگڑ گئی فوری طور پر پی ایچ سی تھنہ منڈی منتقل کیا لیکن ہسپتال میں سہولیات ہی دستیاب نہیں تھیں۔پورے ہسپتال میں انہیں ایک روپے کی سوئی تک دستیاب نہیں ہوئی چنانچہ موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے تمام ضروری ادویات بازار سے لانا پڑیں۔لوگوں نے کا کہنا ہے کہ اگر یہ ہسپتال غریب لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے تو پھر اس کا کیا مقصد ؟۔تھنہ منڈی کا سرکاری ہسپتال صرف اللہ ہی کی رحم و کرم پہ چل رہا ہے باقی یہاں کچھ بھی نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں جب بلاک میڈیکل آفیسر درہال سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے فون نہ اُٹھایا۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ ، ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور سی ایم او راجوری سے گذارش کی ہے کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر میں تمام ضروری طبی سہولیات یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اِس اسپتال کا درجہ بڑھانے کے لئے ضروری اقدام اُٹھائے جائیں۔