اُڑان نیوز
راجوری//قصبہ راجوری میں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے۔ میونسپل کونسل کے پاس قصبہ سے روزانہ نکلنے والے ٹنوں کے حساب سے کوڑا کرکٹ وفضلہ کو مناسب جگہ ٹھکانے لگانے کے لئے کوئی منصوبہ نہیں۔غیر منظم ڈھنگ سے سلانی پل کے قریب کوڑا کرکٹ ڈالاجارہا ہے ، جہاں ایک بہت بڑا انبار لگ گیا ہے، جس سے ہرسوں عفونت ہی عفونت ہے۔ کوڑا کرکٹ یہاں جلانے سے فضائی آلودگی پھیل رہی ہے جوکہ مکینوں کے لئے مضرِ صحت ہے۔ اس کے علاوہ دریا میں پانی سے لگنے والی بیماریاں پھیلنے کا حدشہ ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ قصبہ راجوری میں داخل ہوتے ہی یہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر دیکھے جاسکتے ہیں جوکہ قصبہ کا غلط تصوربیرون اضلاع یا بیرون ِ یوٹی سے آنے والے لوگوں میں پیش ہورہا ہے۔لوگوں نے مطالبہ کیاکہ کوڑا کرکٹ کو مناسب جگہ ٹھکانے لگایاجائے اور قصبہ سے گذرنے والے دریاکے دونوں اطراف کم سے کم دوکلومیٹر تک تک کوئی بھی کوڑا کرکٹ نہ ڈالاجائے اور جتنا بھی فضلہ پڑا ہے، اِس کو یہاں سے اُٹھانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کارروائی کی جائے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ شہر کے مکینوں کو صحت افزا ماحول فراہم کیاجائے۔