سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر میں برف باری کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پروجیکٹوں کے چلنے اور شعبہ سیاحت کی ترقی کے لئے برف باری انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ 13 لاکھ سیاحوں نے گلمرگ کی سیر کی جہاں برف باری سیاحوں کی دلچسپی کا خاص مرکز ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر میں فی الوقت خشک موسمی صورتحال ہے میں برف باری کے لئے دعا کرتا ہوں کیونکہ برف باری ہمارے بجلی پروجیکٹوں کے چلنے کے لئے ضروری ہے بصورت دیگر وہ بند ہوں گے’۔ان کا کہنا تھا: ‘شعبہ سیاحت کی ترقی کے لئے بھی برف باری لازمی ہے’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ سال گذشتہ 13 لاکھ سیاحوں نے گلمرگ کی سیر کی جہاں برف باری سیاحوں کی دلچسپی کا خاص مرکز ہے۔انہوں نے کہا: ‘ضلع بارہمولہ میں 6 نئے سیاحتی مقامات کو شامل کیا گیا ہے لیکن برف باری نہ ہونے کی صورت میں سیاح دور رہ سکتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ او بی سی کی ریزرویشن مکمل ہونے کے فوراً بعد بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘اس ضمن میں کام جاری ہے اور عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی ان انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا’۔لیفٹیننٹ گورنر نے بارہمولہ کے عوام پر یوم جمہوریہ کے موقع پر ‘جھنڈا اونچا رہے ہمارا’ پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بارہمولہ نوجوانوں کی شرکت سے تمام محاذوں پر ترقی کر رہا ہے۔سری نگر کی خوبصورتی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی بدولت سری نگر ملک کے خوبصورت ترین شہروں میں شمار ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سری نگر کے نچلے علاقوں میں بھی تعمیر وترقی کے حوالے سے کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں۔