نئی دہلی: جنوبی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو اور کیرالہ میں اگلے دو دنوں تک موسلادھار بارش کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اکتوبر کی رات سے مغربی ہمالیہ کے علاقے میں ایک ویسٹرن ڈسٹربنس سرگرم ہوگا، جس کا اثر شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں 14 اکتوبر کو نظر آئے گا۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے 14 سے 17 اکتوبر کے درمیان زیریں پہاڑی علاقوں میں بارش اور اونچے علاقوں میں برف باری ہوگی۔
دہلی کے کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ کی وجہ سے صبح کے وقت سردی بڑھ گئی ہے۔ تاہم دن کے وقت اچھی دھوپ کی وجہ سے گرمی کا احساس برقرار رہتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج یعنی 13 اکتوبر کو نئی دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ نئی دہلی میں آج مطلع صاف رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی میں اتوار سے بارش ہو سکتی ہے۔
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ لکھنؤ میں آج صبح دھند چھائی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دن کے وقت آسمان صاف رہے گا۔ غازی آباد کی بات کریں تو آج یہاں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اور آسمان صاف رہے گا۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق آج لکشدیپ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ انڈمان اور نکوبار جزائر اور جنوبی کرناٹک میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 14 اکتوبر کو جموں، کشمیر اور لداخ میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ 15 اکتوبر کو ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں برف باری ہو سکتی ہے۔